گوادر کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان روانہ کر دیا گیا

10 Mar, 2024 | 09:51 PM

ویب ڈیسک : این ڈی ایم اے نے کے ایس ریلیف پاکستان کے تعاون سے گوادر کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کر دیا۔ 

  نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے، شاہ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ریلیف) پاکستان کے تعاون سے گوادر کے سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی امدادی قافلہ روانہ کر دیا  ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیے9000راشن بیگز  اور 9000 شیلٹرز اور دیگر اشیاء ضرورت پر مشتمل 875 ٹن امدادی سامان بذریعہ کنٹینرز اسلام آباد سے گوادرکے لیے روانہ کیئے گئے۔

 آج صبح جناح سٹیڈیم ، سپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ سامان روانگی تقریب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جناب سرفراز بگٹی،پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی اور این ڈی ایم اے کے حکام شریک تھے۔

این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان کے علاوہ تمام مقامی اداروں کے ساتھ تمام ضروری اقدامات بشمول بین الاصوبائی ٹرانزٹ کی منظوری کو یقینی بنایا تا کہ امدادی سامان کا قافلہ بغیر کسی تعطل کے بلوچستان پہنچ سکے۔ یہ قافلہ بلوچستان پہنچنے پر امدادی سامان پی ڈی ایم اے بلوچستان اور مقامی انتظامیہ کے حوالے کر دیا جائے گا جہاں سے گوادر میں سیلاب متاثرین میں منصفانہ تقسیم کا آغاز ہو گا۔

ہنگامی حالات میں متعلقہ اداروں کی معاونت سے فوری مدد فراہم کرنے کے لیے قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں /فلاحی اداروں کے مابین رابطے اور ہم آہنگی کو موئثر بنانے کے لئے این ڈی ایم اے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

مزیدخبریں