اپوزیشن کا وزیراعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ

10 Mar, 2022 | 11:51 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت کیلئے ایک اور مشکل، اپوزیشن نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیخلاف بھی تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن اتحاد نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب اسمبلی میں عدم اعتماد کی قرارداد کا ڈرافٹ آج تیار کرلیا جائے گا، اگلے 48 گھنٹے میں اسپیکرپنجاب اسمبلی کو عدم اعتماد تحریک پیش کردی جائے گی۔

اپوزیشن کے  وزیراعلیٰ پنجاب  کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے کے فیصلے پر عثمان بزدار نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں کو دراصل خود پر بھی اعتماد نہیں، تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کیلئے گھبراہٹ کا باعث ہوگی،  اپوزیشن کو ایسا سرپرائز ملے گا کہ وہ یاد رکھے گی۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے،  گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے 40 سے زائد اراکین اسمبلی نے ملاقاتیں کیں تھیں، جس میں اراکین اسمبلی نے عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، آج صوبائی وزراء آشفہ ریاض، محمد سبطین خان اور رکن پنجاب اسمبلی محمد عبداللہ وڑائچ  نے عثمان بزدار سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک ہیں، ایک رہیں گے۔ 

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں بننے والے ترین گروپ کے رہنما سردار خرم لغاری نے مائنس عثمان بزدار فیصلہ مسترد کر دیا، خرم لغاری نے کہا کہ یہ فیصلہ کسی ایک فرد کا تو ہوسکتا ہے سب کا نہیں، وزیر اعلیٰ کے ساتھ کھڑا ہوں، مائنس عثمان بزدار کو سپورٹ نہیں کرتا،  مائنس عثمان بزدار کی سوچ تبدیل کی جائے، وزیراعظم نے بلایاتو ملاقات کیلئے ضرور جاؤں گا۔

مزیدخبریں