کورونا کے بڑھتے کیسز؛ تفریحی مقامات ،ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل

10 Mar, 2021 | 04:13 PM

Malik Sultan Awan

سٹی 42: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کے مطابق تفریحی مقامات شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔سینماؤں کو کھولنے کا فیصلہ بھی ملتوی کردیا گیا۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اورمعاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے پریس کانفرنس میں فیصلوں کا اعلان کیا۔ 

ملک میں کورونا کے بڑھتے کیسز پر حکومت نے نئے اقدامات کا اعلان کردیا۔ این سی او سی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے مطابق سینما ہال کھولنے کا فیصلہ ملتوی کردیا گیا،  گھر سے 50فیصد عملے کے ساتھ کا م کرنے کی پالیسی کی حمایت کی گئی۔ تفریحی مقامات شام 6 بجے بند کردیے جائیں گے۔ریسٹورنٹس میں آؤٹ ڈور پالیسی جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

 حکومت نے صوبہ پنجاب کے سات اضلاع میں تعلیمی ادارے دو ہفتوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا، صوبہ پنجاب کے ساتھ اضلاع لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ،ملتان میں 15 مارچ سے 28 مارچ تک تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی چھٹیاں کردی گئیں۔ پشاور اوراسلام آباد میں بھی اس دوران تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ آزادکشمیر کے تعلیمی اداروں کے متعلق بھی یہی فیصلہ متوقع ہے مگرحتمی فیصلہ آزاد کشمیر کی حکومت کرے گی۔

معاون خصوصی صحت   ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ شہری گھر سے باہر ماسک لازمی استعمال کریں، گزشتہ ہفتے کے دوران کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے، سلطان شادی ہال سے متعلق پالیسی برقرار رہے گی، کورونا کیسز میں اضافے سے شعبہ طب پر دباؤ بڑھ جاتا ہے ۔

وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں کورونا کی صورتحال حالات بہتر ہیں،  سندھ اور بلوچستان میں 50 فیصد بچے اسکول جائیں گے،  پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر میں مسائل نظر آئے ہیں تاہم گلگت بلتستان میں صورتحال بالکل ٹھیک ہے۔

این سی او سی اجلاس میں فیصلہ کیاگیا جن تعلیمی اداروں میں امتحانات ہیں وہ ادارے امتحانات جاری رکھیں گے۔ این سی او سی کےفیصلوں پر نظر ثانی 12اپریل کو کی جائے گی۔

مزیدخبریں