شہر میں ڈاکو راج، پولیس جرائم کی روک تھام میں ناکام

10 Mar, 2020 | 05:35 PM

Arslan Sheikh

( فہد علی ) شہر میں ڈاکو راج قائم ہے، پولیس ڈاکوؤں کو نکیل ڈالنے میں ناکام نظر آرہی ہے، آئے روز لرزہ خیزواقعات کی وجہ سے شہر میں امن وامان کی فضا خراب ہوچکی ہے بادامی باغ سبزی منڈی میں دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔

شہر میں امن و امان کی خراب صورتحال، قتل و غارت گری، اغوا برائے تاوان، خواتین و بچوں کے ساتھ زیادتی و اغوا، ڈکیتی و چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور سرعام فائرنگ جیسے جرائم میں خطرناک حد تک اضافے نے امن پسند شہریوں، دکانداروں، تاجروں اور صنعتکاروں کی نیندیں حرام کر رکھی ہیں جبکہ سیف سٹی کے کیمرے، ڈولفن، پولیس رسپانس یونٹ سمیت درجنوں دیگر فورسز کی موجودگی بھی بے سود ہے۔

بادامی باغ سبزی منڈی کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں دو مسلح ڈاکووں نے دو شہریوں سے موبائل فون اور نقدی لوٹ لی۔ واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آچکی ہے۔

سٹی فورٹی ٹو کو موصول ہونے والی فوٹیج میں ڈاکوؤں کو اسلحہ کے زور پر شہریوں سے لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج منظر عام پر آنے کے باوجود ابھی تک پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کرسکی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزیدخبریں