تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے پولیس کانسٹیبل جاں بحق

10 Mar, 2020 | 03:16 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42)  صوبائی دارالحکومت لاہور میں ٹریفک حادثات کی شرح میں اضافہ ہورہا ہے،  اب تک کئی افراد  ٹریفک حادثات کا شکار ہوکر اپنی قیمتی جانیں گنوابیٹھے ہیں اور بہت سے عارضی یا مستقل معذوری کا شکار ہوگئے ہیں، ٹریفک حادثات کی  سب سے بڑی وجہ  تیزی رفتاری, قوانین سے لاعلمی اور غیر محتاط ڈرائیونگ ہے، افسوسناک امر یہ ہے کہ پاکستان میں روڈ اینڈ سیفٹی ایکٹ موجود ہونے کے باوجود اس کا اطلاق نہیں کیا جاتا۔

آج راوی روڈ پر  افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے پولیس کانسٹیبل 35 سالہ عاشق جاں بحق  ہوگیا، حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار  اور پولیس موقع پر پہنچ گئی ،  پولیس نے نعش کو قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کیلئے مردہ خانے منتقل کردیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جبکہ نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرکے ڈرائیور کو تلاش کیا جارہا ہے۔

واضح رہےکہ دو روز قبل ریسکیو 1122  نے ٹریفک حادثات سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کی ہے، ریسکیو کی رپورٹ کے مطابق یکم مارچ 2019 سے لے کر فروری 2020 کے درمیانی عرصے میں 84 ہزار سے زائد ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث ہزاروں شہری متاثر ہوئے ہیں، سب سے زیادہ ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سواروں کے ہوئے جن کی تعداد 50 ہزار سے زائد ہے۔

مزیدخبریں