(قیصر کھوکھر) کورونا وائرس جو چین سے شروع ہوا اب پوری دنیا میں پھیل رہا ہے، کورونا وائرس نے پنجاب میں بھی دستک دیدی ہے، اب تک صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں 63 مشتبہ مریض رپورٹ ہوئے۔
کورونا وائرس بخار سے شروع ہوتا ہے جس کے بعد خشک کھانسی آتی ہے، یہ وائرس سانس کے ذریعے ایک سے دوسرے انسان میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے،طبی ماہرین نے کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ہر کسی کو ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا جس کی وجہ سے ہر کوئی ماسک خرید رہا ہے، طلب بڑھنے پر حفاظتی ماسک کی قیمت آسمان پر پہنچ گئی ہے 10 روپے والا ماسک 80 روپے میں فروخت ہورہا ہے، حکومت کورونا وائرس اور ماسک کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے مختلف اقدامات کررہی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے مارکیٹوں میں حفاظتی ماسک کی ذخیرہ اندوزی کرنے اور مہنگے داموں ماسک فروخت کرنے والوں کیخلاف دفعہ 144نافذ کردی ہے، پولیس کو اس حوالے سے حکم دیا گیا ہے کہ ماسک ذخیرہ کرنے اور مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے اور مقدمات درج کئے جائیں۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ نے صدقے کا گوشت پبلک مقامات پر پھینکنے پر بھی پابندی لگادی ہے، محکمہ داخلہ نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ صدقے کا گوشت پبلک مقامات پر پھینکنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے اور مقدمات درج کیے جائیں، محکمہ داخلہ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشنز بھی جاری کر دیئے ہیں۔
یاد رہے کہ دنیا بھر کے 99 ممالک میں کورونا وائرس پھیل چکا ہے۔جس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اٹلی میں ایک ہی روز میں 133افراد جان سے گئے، تعداد 366 ہوگئی ہے۔ اٹلی کی 25فیصد آبادی قرنطینہ میں منتقل کردی گئی، ایران میں 49افراد کی ہلاکت کے بعد تعداد 194تک جاپہنچی، چین میں مزید 28افراد لقمہ اجل بنے، دنیابھرمیں ہلاکتوں کی تعداد 3ہزار8سےبڑھ گئی جبکہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 9ہزار سے تجاوز کر گئی۔