جیل روڈ(درنایاب) ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان نے فیصل ٹاؤن سی بلاک پارک میں دوسرے مصنوعی جنگل میاواکی کا افتتاح کردیا۔ مصنوعی جنگل میاواکی کے افتتاح کے موقع پر ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان نے پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر ڈائریکٹرہیڈ کوارٹر پی ایچ اے مدثر اعجاز، ڈپٹی ڈائریکٹر وقارسمیت دیگر افسران بھی موجود تھے،ڈی جی مظفرخان کا کہنا تھا کہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچراتھارٹی موسمی حالات وتغیرات کو مد نظر رکھ کر مصنوعی جنگلات لگا رہی ہے، اتھارٹی شہر کے12 مختلف مقامات پر مصنوعی جنگل بنائے گی۔
ڈائریکٹرجنرل پی ایچ اے کے مطابق فیصل ٹاﺅن سی بلاک پارک میں مصنوعی جنگل"میاواکی" میں 350 درخت لگائے ہیں، جن میں کچنار، جامن، آم، املتاس توت اور بانس سمیت دیگر16 اقسام کے درخت شامل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے مظفر خان کا کہنا تھا کہ درخت قدرت کا انمول تحفہ ہیں، ان کی موجودگی انسانوں، جانوروں اور پرندوں سب کے لیے یکساں اہم ہے۔