جناح ہسپتال کی غیر فعال ایم آر آئی مشین کا معاملہ پنجاب اسمبلی پہنچ گیا

10 Mar, 2020 | 09:46 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) جناح ہسپتال کی غیرفعال ایم آر آئی مشین کا معاملہ پنجاب اسمبلی پہنچ گیا، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ دو ماہ تک مشین فعال کر دی جائے گی، ادھر پنجاب اسمبلی کا اجلاس کورم پورا نہ ہونے پر ملتوی کرنا پڑا۔

سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی زیرصدارت اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ لاہور کے چلڈرن ہسپتال میں پیڈز کے ڈاکٹروں کی آسامیاں پر کرنے کے لئے حکومت نے دومرتبہ پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ اشتہار دیا لیکن کامیابی نہ ہو سکی تاہم اب پھر اشتہار دیا جا رہا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ جناح ہسپتال کی ایم آر آئی مشین ہیلیم گیس کی فلنگ نہ ہونے کی وجہ سے غیر فعال ہے جس کے لئے جلد بیرون ملک سے گیس منگوا کر مشین کو فعال کردیا جائے گا جس پر اپوزیشن کا کہنا تھا کہ مذکورہ مشین ایک سال سے غیرفعال ہے جس کے باعث مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 10 ارب روپے کی مشینیں منگوائی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہسپتال کا فضلہ بھی فروخت ہوتا تھا لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

  پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں قانون سازی کے موقع پراپوزیشن کی جانب سے کورم کی نشاندہی پر اجلاس منگل کی دوپہر تک ملتوی کر دیا گیا۔   

مزیدخبریں