چونیاں : پولیس کا گھر میں گھس کر خواتین پر تشدد ، ویڈیو وائرل

10 Jun, 2024 | 03:04 PM

سٹی42: چونیاں الہ آباد پولیس نے غنڈہ گردی کی انتہا کرتے ہوئے قانون کی دھجیاں اڑا دی، پولیس شہری عبد المجید کے گھر دروازے توڑ کر زبردستی داخل ہوئی اور خواتین ، بچیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو بھی منظرعام پر آگئی ہے۔

وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس زبردستی شہری کے گھر میں داخل ہو کر خواتین کو تشدد کا نشانہ بناتی ہے۔ پولیس نے ہتھوڑے اور آہنی راڈزکا سہارا لیتے ہوئے گھر کے دروازے توڑے اور پھر اندر داخل ہوئے۔

متاثرہ شہری عبد المجمید کا کہنا ہے کہ پولیس نے بغیر لیڈی اہلکاروں کے تین خواتین سمیت چار افراد کو گرفتار کیا اور دیگر فیملی کو گھر سے نکال کر با اثر افراد کو مکان پر قبضہ کروا دیا۔چونیاں ایس ایچ او الہ آباداور سب انسپکٹر فیاض احمد نے با اثر افراد سے بھاری نظرانہ لے کر ہمارے ساتھ ظلم کی انتہا کی ہے ، با اثر افراد نے چار ایکڑ زرعی اراضی کے تبادلے کا جھانسہ دیا اور نوسربازی کر کے مکان کی رجسٹری کروالی،سول کورٹ سے مکان پر اسٹے بھی حاصل کر رکھا ہے۔عدالتی حکم امتناعی کے باوجود نوٹوں کی چمک اور سیاسی سفارش پرپولیس نے زبردستی قبضہ چھین کر بااثر افراد کو قبضہ دلایا ہے۔
متاثرہ شہری نے آئی جی پنجاب سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔ پولیس نے با اثر افراد کے ساتھ مل کر چوری کا جھوٹا مقدمہ بھی درج کر ڈالا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی سخت سرزنش ،گرفتار خواتین کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
متاثرہ فیملی نے مریم نواز سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث پولیس اہلکاروں اور ان کے ہمراہ وردیوں میں ملبوس پرائیویٹ افراد کے خلاف نوٹس لیا جائے۔

مزیدخبریں