سٹی42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ارض وطن سے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
لاہور کےبیدیاں روڈ پر لکی مروت میں شہید کیپٹن فراز الیاس کی نماز جنازہ ادا کردی گئی،نمازجنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اطلاعات اور عسکری حکام نےشرکت کی،وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کے جسدخاکی کو کندھادیا،وزیراعظم شہباز شریف نےشہیدکی والدہ اور اہلخانہ سےملاقات کی،اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا ۔
شہید کیپٹن فراز الیاس کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا،وزیراعظم شہبازشریف نےشہید کی تدفین میں بھی شرکت کی ۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ ارض وطن سے دشمنوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے،اللہ تعالیٰ شہادت کا درجہ کسی کسی کو عطا کرتاہے،کیپٹن فرازالیاس کا خون رائیگاں نہیں جائےگا،19جون کو شہید کیپٹن فراز الیاس کا نکاح ہونے والا تھا۔
وزیراعظم نے کہا ہے کہ قرآن کریم میں ہے شہید کو مردہ مت کہووہ زندہ ہیں،پاک فوج کے شہدا نے ارض وطن کیلئے عظیم قربانیاں دیں،پاکستان کے دشمنوں کا مکمل خاتمہ کریں گے،وزیراعظم نے گاؤں رائے کلاں کو شہید کیپٹن فراز الیاس کے نام سے منسوب کردیا،وزیراعظم نے شہید کیپٹن فراز الیاس کے گاؤں کو ماڈل ویلج بنانے کی ہدایت کردی ۔
پاک فوج کے دستے نے شہید کیپٹن فراز الیاس کی قبر پر سلامی دی ،وزیراعظم نے شہید کی قبر پر پھول رکھےاور فاتحہ خوانی کی۔
یاد رہے گزشتہ روز لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی سرنگ بچھا کر نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کیپٹن سمیت7 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔کیپٹن محمد فراز الیاس شہید کا تعلق ضلع قصور سے ہے، انہوں نے 2020 میں پاکستان آرمی کی ناردرن لائٹ انفنٹری میں کمیشن حاصل کیا، صوبیدار میجر محمد نذیر شہید کا تعلق ضلع سکردو سے ہے، انہوں نے 31 سال تک دفاع وطن کا فریضہ سرانجام دیا، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ 2 بیٹے اور 5 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔