مالی سال 2022-23کا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا 

10 Jun, 2022 | 06:20 PM

Imran Fayyaz

 (ویب ڈیسک) حکومت نے مالی سال 2022-23ءکے لیے بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق بجٹ میں ٹیکس وصولیوں کا تخمینہ 7 ہزار 4 ارب روپے لگایا گیا جب کہ 4598 ارب کا خسارہ ہے، بجٹ میں دفاع کے لیے 1 ہزار 523 ارب، ترقیاتی کاموں کے لیے 808 ارب، سود کی ادائیگی کے لیے 3 ہزار 950 ارب مختص کیے گئے ہیں۔

 قومی اسمبلی اجلاس میں وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بجٹ پیش کیا ،وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی بجٹ تقریر کے مطابق بجٹ میں نان ٹیکس ریونیو 2 ہزار ارب روپے ہوگا، ٹیکس آمدن کا ہدف 7004 ارب روپے ہے، این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کو 4 ہزار 1 سو ارب روپے ملیں گے، پاکستان بیت المال کے لیے 6 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے۔

بجٹ تقریر میں وفاقی وزیرخزانہ نے کہا کہ ٹیکس تنازعات ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، خیراتی ہسپتال اگر پچاس بیڈز سے زیادہ کا ہوگا تو مکمل ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔

ان کا مزید کہناتھا کہ خوردنی تیل کی مقامی پیداوار بڑھانے کے لیے انقلابی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ٹریکٹرز، زرعی آلات، گندم، مکئی، کینولا، سورج مکھی اور چاول سمیت مختلف اجناس کے بیجوں کی سپلائی پر سیلز ٹیکس واپس لینے کی تجویز ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق توانائی کی قلت دور کرنے کے لیے رعائتیں دی جارہی ہیں، سولر پینل کی درآمد اور مقامی سپلائی پر سیلز ٹیکس ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا ۔ 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والوں کو سولر پینل کی خریداری کے لیے بینکوں سے آسان اقساط پر قرضے دیے جائیں گے۔

بجٹ تقریر کے مطابق تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس چھوٹ کی حد 6 لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ کر دی گئی ہے۔ کاروباری افراد اور ایسوسی ایشن آف پرسنز کے لیے ٹیکس چھوٹ کی حد 4 لاکھ سے بڑھا کر 6 لاکھ کر دی گئی۔ نان فائلرز کے لیے ٹیکس کی شرح 100 فیصد سے بڑھا کر 200 فیصد کردی گئی۔

مزیدخبریں