پولیس کا عامر لیاقت کا پوسٹمارٹم کرانے کا فیصلہ، تدفین رُکوا دی

10 Jun, 2022 | 01:36 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پولیس نے گزشتہ روز  انتقال کرنے والےمعروف ٹی وی میزبان اور ایم این اے ڈاکٹر عامر  لیاقت حسین کی موت کی وجوہات جاننے کیلئے   پوسٹمارٹم کرانے کافیصلہ کرلیا اور ان کی تدفین رکوا دی۔ 

عامر  لیاقت کی وصیت کے مطابق ان کے کفن دفن کے انتظامات رمضان چھیپا کر رہے ہیں اور سابق وزیر مملکت برائے مذہبی امور کی میت سرد خانے میں رکھی گئی ہے۔

عامر لیاقت کے صاحبزادے احمد آج بیرون ملک سے کراچی پہنچ رہے ہیں اور سابق رکن قومی اسمبلی کے نماز جنازہ کا اعلان بعد نماز جمعہ کیا گیا ہے جبکہ ان کی تدفین بھی عبد اللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں ہو گی۔

پولیس  حکام کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے ان کا پوسٹمارٹم کرانے کا فیصلہ کیا ، پوسٹ مارٹم کے لئے عامر لیاقت کے بیٹے احمد عامرکوراضی کرنے کی کوشش کریں گے، اس سلسلے میں ان کے لواحقین سے رابطہ کرنے کی کوشش کی۔ 

پولیس نے عامر لیاقت کی میت کے حوالے سے بریگیڈ تھانے میں روزنامچہ درج کر لیا ہے جس میں سرد خانے کو عامر لیاقت کی میت بریگیڈ تھانے کے عملے کے حوالےکرنے کا کہا گیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بریگیڈ تھانے کے عملے کے علاوہ عامر لیاقت کی میت کسی اور کے حوالے نہ کی جائے، اگر میت کسی اور کو دی گئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت گزشتہ روز اپنے کمرے میں بیہوش پائے گئے، ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔

ملازمین کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات عامر لیاقت کے دل میں تکلیف ہو رہی تھی انہیں ہسپتال جانے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا، ڈاکٹرز کے مطابق عامر لیاقت کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا۔

مزیدخبریں