(جنید ریاض)ماہر تعلیم آصف گوہر نے کہا ہے کہ پہلی سے آٹھویں جماعت تک سکول کی سطح پر فوری امتحانات شروع کر دئیے جائیں تاکہ صبح 7 سے 9 بجے تک بچے آئیں اور پیپر دے کر گھر واپس چلے جائیں۔
واضح رہے کہ گرشتہ روز پیک نے پہلی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ جاری کردی تھی، پہلی اور دوسری جماعت کے بچوں کا زبانی امتحان ہوگا،تیسری سے آٹھویں جماعت کے بچوں سے تحریری امتحان لیا جائیگا،18 اور 19 جون کو انگریزی کا پیپر لیا جائے گا، 21 اور 22 جون کو اردو کا پیپر ہوگا۔
گرمی کی شدت میں اضافہ سے طلباء بھی سکولوں میں بیمار ہونے لگے ہیں ، گرمی بڑھ جانے سے مختلف سکولوں میں طلباء کی حالت بگڑنے لگی جس کے باعث طلبا اور والدین نے بھی گزشتہ روز سکولوں میں چھٹیوں کا مطالبہ کیا تھا۔ والدین نے گرمی کی شدت میں اضافہ پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا تھا کہ بچوں کو فی الفور گرمی کی چھٹیاں دی جائیں تاکہ انھیں بڑے نقصان سے بچایا جاسکے۔ سکولوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی کمی ہونے کے باعث طلباء میں پانی کی کمی کے مسائل بھی سامنے آرہے ہیں۔