تمام قرنطینہ سنٹرز بند کر دیے گئے

10 Jun, 2020 | 06:08 PM

Malik Sultan Awan

(عثمان علیم) حکومتی احکامات پر ضلعی انتظامیہ نے شہر میں بنائے جانے والے تمام قرنطینہ سنٹرز بند کر دیے، ایئرپورٹ سے ٹرانسپورٹ کی سہولت بھی ختم کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وبا کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر میں بنائے گئے عارضی قرنطینہ سنٹرز بند کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر دانش افضال کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق عارضی بنائے جانے والے قرنطینہ سنٹرز بند کئے گئے ہیں ۔حکومت پالیسی کے مطابق بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں اور زیادہ مریضوں کی وجہ سے قرنطینہ سنٹرز بنائے گئے تھے،حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق ائیر پورٹ پر آنے والے تمام مسافروں کے کورونا ٹیسٹ نہیں ہوں گے صرف علامات والے مسافروں کے ٹیسٹ کیے جائیں گے اور گھروں میں قرنطینہ کیا جائے گا ،کورونا وبا کے پیش نظر شہر میں پانچ قرنطینہ سنٹرز اور ایک پچاس بیڈ کا عارضی ہسپتال بنایا گیا تھا جو کہ بند کردیا گیا ہے، قرینطینہ سنٹرز میں کالا شاہ کاکو قرنطینہ سنٹر ،  پنجاب یونیورسٹی ،ٹھوکر نیاز بیگ ، لاہور یونیورسٹی، قذافی سٹیڈیم نشتر پارک کو باقاعدہ طور پر بند کر دیا گیا جبکہ ائیرپورٹ سے ٹرانسپورٹیشن کی مفت سہولت کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے انتظامیہ اور پولیس کو مارکیٹوں، بازاروں او ربزنس ہاؤسز کو حکومتی ہدایات پر 100فیصد عملدرآمد کروانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔  وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی ہو گی۔ حکومتی اقدامات پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا،  ان کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے کسی کو ناجائزفائد ہ اٹھانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ موجودہ حالات میں سب کو احتیاط اورذمہ داری کامظاہرہ کرناہوگا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وفاق کی رہنمائی میں تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے فیصلے کیے جارہے ہیں ۔ عوام سے ایک بار پھر اپیل ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر من وعن عمل کریں۔

مزیدخبریں