محکمہ ٹرانسپورٹ کا بجٹ تیار ، دستاویزات سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کر لیں

10 Jun, 2020 | 02:55 PM

Shazia Bashir

عثمان علیم:  محکمہ ٹرانسپورٹ نے مالی سال 20-21 کا بجٹ تیار کر لیا، بجٹ دستاویزات سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کر لیں،نئے مالی سال کا 96 فیصد ترقیاتی بجٹ صرف اونج لائن ٹرین کے لیے مختص، گزشتہ مالی سال کی نسبت ترقیاتی بجٹ 28 ارب اضافے کے بعد نیا بجٹ 42 ارب 33 کروڑ مختص، کوئی نئی ترقیاتی سکیم کو بجٹ میں شامل نہ کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق  محکمہ ٹرانسپورٹ کا مالی سال 20_21 کا ترقیاتی بجٹ تیار  ہے اور دستاویزات سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کر لیں،گزشتہ مالی سال کی نسبت ٹرانسپورٹ کے بجٹ میں 28 ارب 83 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 13 ارب 50 کروڑ تھا جبکہ نئے مالی سال کا بجٹ 42 ارب 33 کروڑ روپے مختص کیا گیا ہے، نئے ترقیاتی بجٹ کا 96 فیصد حصہ صرف اونج لائن ٹرین پر خرچ ہوگا،نئے بجٹ میں اورنج لائن کی سات ترقیاتی سکیموں کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے۔


بجٹ میں محکمہ ٹرانسپورٹ کی جاری ترقیاتی سکیموں کی مد میں 32 کروڑ مختص کیے گئے ہیں ،جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ میں کوئی بھی نئی ترقیاتی سکیم شامل نہیں کی گئی، نئے بجٹ میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے منصوبے بھی نظر انداز کیے گئے ہیں اور ایک روپیہ بھی ان کے لیے مختص نہیں کیا گیا،نئے بجٹ میں اورنج لائن ٹرین کے لیے 42 ارب ،نو مستقل ویٹ سٹیشن کی تنصیب کے لیے 18 کروڑ مختص جبکہ وہیکل انفارمیشن سرٹیفیکیشن سسٹم تھرڈ پارٹی آڈٹ کے لیے دو کروڑ 50 لاکھ مختص کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب  محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب نئے مالی سال دوہزار بیس اکیس کے بجٹ میں حکومت پنجاب کی مجموعی آمدن کا تخمینہ 2380 ارب روپے لگایا گیا ہے ، ذرائع محکمہ خزانہ پنجاب کے مطابق پنجاب حکومت کا مالی بحران کے باوجود آئندہ مالی سال کا بجٹ سرپلس ہوگا ۔نئے مالی سال 21 -2020 کا بجٹ 210ارب روپے کا سرپلس بجٹ ہوگاجبکہ پنجاب حکومت کا آئندہ مالی سال میں اخراجات کا تخمینہ 2179ارب روپے ہو گا۔

جبکہ مجموعی صوبائی اخراجات میں کرنٹ اخراجات کاحجم1427ارب روپے تجویز دیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق کرنٹ کیپٹل اخراخات کا تخمینہ 6کھرب 94ارب روپے تجویز کیا گیا ہے ،ذرائع کے مطابق اکاؤنٹ ٹو (فوڈ)کا تخمینہ 334 ارب روپےجبکہ ترقیاتی اخراجات کا تخمینہ 322 ارب روپے لگایا گیا ہے ۔

مزیدخبریں