جسٹس جواد حسن میں کورونا کی تصدیق

10 Jun, 2020 | 10:14 AM

M .SAJID .KHAN

(ملک اشرف)کورونا وائرس کےوار جاری ہیں ،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، جسٹس جواد حسن اور ان کے سٹاف نے کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آنے پرخود کو گھروں پر قرنطینہ کرلیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن اور ان کی عدالت کے سٹاف کی میوہسپتال کے ڈاکٹر کے ذریعے لئے گئے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آگئی ہے۔ جسٹس جواد حسن کی عدالت کے پرائیویٹ سیکرٹری ظہور احمد جاوید،پی اے ضیاء الرحمان، خاتون لاء افسر اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سعدیہ ملک کے کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ بھی پازیٹو آئی ہے۔ جسٹس جواد حسن کی عدالت کےدفتری عبدالوہاب ، ڈرائیور عظمت میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کی مصدقہ اطلاع ہے۔

ذرائع کے مطابق کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آنے پر جسٹس جواد حسن اور ان کی عدالت کا سٹاف چھٹی پر چلا گیا ہے اورجسٹس جواد حسن کی عدالت میں آج لگنے والے کیسز کی پیشی فہرست منسوخ کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق اس سے قبل بھی ہائیکورٹ کے چالیس سے زائد سٹاف میں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آچکی ہے۔

واضح رہے کہ  ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کے پانچ ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب چوہدری جواد یعقوب کی سربراہی میں ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے تھے۔علاوہ ازیں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کے 64 ملازمین میں سے 5 کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں عتیق، سعید، طارق، راشد یونس اور بلال افضل شامل ہیں۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب جواد یعقوب نے لاء افسران اور ملازمین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی تلقین کی ہے۔

 واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں ریکارڈ کیسزرپورٹ ہوئے، 23 ہزار 799 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے5385 کیسز مثبت آئے ، نیشنل کمانڈاینڈآپریشن سینٹرکے اعدادوشمار کے مطابق نئے کیسزکے بعد پنجاب میں 43 ہزار460 ،سندھ 41 ہزار303 ،خیبرپختونخوا14 ہزار527،بلوچستان 7ہزار 31 ،اسلام آباد5ہزار963 اورگلگت بلتستان میں 974 افراد کورونا سےمتاثرہ ہوچکے ہیں۔

مزیدخبریں