پوری قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، وزیراعظم 

10 Jul, 2024 | 10:19 PM

وزیراعظم نے دہشت گردوں سے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے ضلع پشاور کے علاقے حسن خیل میں کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن میں دہشت گرد کمانڈر عبد الرحیم سمیت دیگر دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر پاک فوج اور خیبر پختونخوا کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ 

وزیراعظم نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے  سپاہی محمد ادریس، سپاہی بادام گل، کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ کے پی کے سب انسپکٹر  تاج میر شاہ اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اکرم کی بلندی ء درجات کی دعاء کی۔ شہباز شریف نے شہداء کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ۔ 

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاک سر زمین کے بہادر بیٹوں نے دہشت گردوں کو جہنم واصل کرتے ہوئے اپنی جان وطن کی مٹی پر نچھاور کی ،پوری قوم شہداء کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، دہشت گردی کے عفریت کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں۔ 

مزیدخبریں