صدر مملکت سے پیپلز پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

10 Jul, 2024 | 06:56 PM

حسن علی : صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والا اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، جس کے بعد گورنر پنجاب سمیت دیگر پارٹی رہنما بلاول ہاؤس سے روانہ ہوگئے۔ 

 صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب کے ٹکٹ ہولڈر اور ارکان اسمبلی کے رہنماوں کے اعزاز میں عشائیہ رکھا۔

صدر پاکستان آصف علی زرداری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے صدر مملکت سے پارٹی کارکنوں کے کام نہ ہونے کی شکایت کردی، کہا کہ حکومت پنجاب اور وفاقی حکومت تعاون نہیں کر رہی، ہمیں ہمارا پورا حق نہیں دیا جا رہا۔ ٹکٹ ہولڈرز کا کہنا تھا کہ انتخابی حلقوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے،  ہم بھی ووٹ حاصل کرتے ہیں ووٹرز کو مطمئن کرنا پڑتا ہے۔ جس کے بعد آصف علی زرداری نے رہنماؤں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروادی۔  

 آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اب خود میدان میں آگیا ہوں، اسلام آباد ہو یا لاہور  سب سے کام کرواؤں گا۔  کوئی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کے مقابلے کی نہیں ہے، میری جماعت پر تنقید ہوتی ہے یہ میں ثواب سمجھتا ہوں۔  

آصف زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کی قیادت کو مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے قرضے لےکر عوام کا امتحان لیا جارہا ہے۔ ن لیگ سے  حکومت نہیں چل رہی ، ایک سابق وزیراعظم جو میں میں کرتا تھا آج جیل میں بیٹھا ہے۔ ہم حکومت بنانا بھی جانتے ہیں اور گرانا بھی، ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گے، پیپلز پارٹی کارکن تیار ہو جائیں ابھی بہت کام کرنا ہے،ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرنی باہر نکلنا ہے۔ پیپلز پارٹی کی تنظیم میں نوجوانوں کو آگے لایا جائے۔ 

صدر مملکت نے پیپلز پارٹی کی تنظیم سازی  کی رپورٹ طلب کرلی ۔ 

مزیدخبریں