ویب ڈیسک : وزیرداخلہ محسن نقوی نے پشاور کے علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے شہید ہونے والے سب انسپکٹر تاج میر شاہ اور اے ایس آئی اکرم خان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
وزیرداخلہ محسن نقوی کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید سب انسپکٹر تاج میر شاہ اور شہید اے ایس آئی اکرم خان نے جرات کے ساتھ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے بہادری کے ساتھ دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ۔ شہداء نے قیام امن کیلئے انمٹ قربانیاں دی ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے افسران اور جوانوں نے اپنے قیمتی خون سے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں تاریخ رقم کی ہے۔زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں۔