سٹی42: وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ایم پی اے شعیب صدیقی و پارٹی عہدیداروں کو بجلی، سوئی گیس ،وفاقی محکموں سے متعلقہ مسائل فوری حل کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے ایم پی اے شعیب صدیقی و پارٹی عہدیداروں نے ملاقات کی جس دوران صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کو پنجاب میں حالیہ تنظیم سازی ودیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔عبدالعلیم خان نے شعیب صدیقی کو پی پی 149 پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وفاقی وزیر نے یقین دہانی کروائی کہ بجلی، سوئی گیس ،وفاقی محکموں سے متعلقہ مسائل فوری حل ہوں گے۔
شعیب صدیقی کی جانب سے وفاقی وزیر کو مختلف اضلاع میں نئے عہدیداروں کے بارے آگاہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو پی پی 149 میں ترقیاتی کاموں اور درپیش عوامی مسائل پر بریفنگ دی گئی۔پارٹی رہنماؤں کی جانب سے صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان سے ذاتی حیثیت میں بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران آئی پی پی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جاوید ،پارٹی رہنما علی جاوید ڈوگر موجود تھے۔