ایجوکیشن اتھارٹی کے سربراہان کی تعیناتی کیلئے عمرکی حد بھی مقرر

10 Jul, 2024 | 01:16 PM

Ansa Awais

جنید ریاض : لاہور سمیت صوبہ بھر کے سی ای اوز اور ڈی ای اوز کی تعیناتیاں خطرے میں پڑ گئیں،نئی پالیسی آ گئی، موجودہ افسران معیار پر پورا نہ اُترنے پر عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے،عہدوں پر برقرار رہنے کیلئے آئی ٹی سکلز اور ٹائپنگ ٹیسٹ پاس کرنا لازمی ہوگا،محکمہ تعلیم نے انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کیلئے خواہش مند امیدواروں سے 15 جولائی تک درخواستیں مانگ لیں۔

محکمہ تعلیم نے ایجوکیشن اتھارٹی کے سربراہان کی تعیناتی کیلئے عمرکی حد بھی مقرر کردی۔ سی ای اوزاور ڈی ای اوز کیلئے پچپن سال عمر کی حد مقرر کی گئی ہے۔ ڈپٹی ڈی ای او کیلئے بھی عمر کی حد 50 سال رکھی گئی ہے۔ سی ای او ایجوکیشن لاہور پرویز اختر کی عمر59 سال ہے۔ ڈی ای او سکینڈری لاہور کی عمر بھی 55 سال سے زائد ہے۔ محکمہ تعلیم نے انتظامی عہدوں پر تعیناتیوں کیلئے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں مانگ لی ہیں۔ گریڈ انیس اورگریڈ اٹھارہ کے سکول سربراہان اوراساتذہ پندرہ جولائی تک اپلائی کرسکیں گے۔ پہلے مرحلے میں امیدواروں کی سکریننگ، آئی ٹی اور ٹائپنگ ٹیسٹ ہوگا۔ مذکورہ کامیاب امیدواروں سے تحریری ٹیسٹ لیا جائیگا۔ ٹیسٹ میں پاس ہونے کیلئے پچاس فیصد نمبر لینا لازمی ہوگا۔ سرچ کمیٹی تحریری ٹیسٹ پاس کرنیوالے امیدواروں کا انٹرویو لے گی۔انٹرویو پاس کرنیوالے امیدواروں کو مختلف اضلاع میں انتظامی پوسٹوں پر تعینات کیا جائے گا۔

مزیدخبریں