گھر میں فاقوں کا راج، مزدور کے بیٹے نے میٹرک میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی

10 Jul, 2024 | 08:24 AM

(زاہد اقبال رانا) میٹرک سالانہ امتحانات آرٹس گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے سعود کے گھر فاقوں کی سی صورتحال، 2ماہ کا بجلی بل جمع کروانا بھی ابھی باقی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے نواحی  علاقہ کوٹلی مچھرواں کے  رہائشی مزدور کے بیٹے نے میٹرک سالانہ امتحانات میں   پہلی پوزیشن حاصل کرکے میدان مارلیا ،غربت کا یہ عالم ہے کہ  بجلی کا 2 ماہ سے بل بھی نہیں ادا کر سکے،سرکاری سکول میں پڑھنے والے سعود نے میٹرک کے سالانہ امتحانات آرٹس گروپ میں1200 میں 1070 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی پوزیشن ہولڈر سعود کا کہنا ہے کہ وہ مستقبل میں قانون کی ڈگری حاصل کر نے کا خواہشمند ہے۔

 سعود اپنے  والد اور والدہ کیساتھ محنت دن بھر محنت مزدوری کرتا تھا اور اس نے کسی کام کو چھوٹا بڑا نہیں سمجھا، بھینسوں کو چارہ ڈالا، مستریوں کیساتھ مزدوری کی تاکہ تعلیم کرسکوں اور اہلخانہ کا پیٹ پال سکوں، اسکے والد دو سال سے بیمار ہیں وسائل نہ ہونے پر 3 کلومیٹر دور پیدل جاتا تھا ،مشکل حالات میں تعلیم جاری رکھنا بہت مشکل تھا مگر ہمت نہیں ہاری، گھریلو حالات بہتر نہ ہونے پر بڑے بھائی نے اپنی پڑھائی کو قربان کردیا سعود کا کہنا تھا کہ اس دن ٹھان لیا تھا کہ اپنے اور گھر والوں کے لیے کچھ کرنا ہے ، گھر کے حالات ٹھیک نہیں مزید تعلیم جاری رکھنا مشکل ہے2ماہ سے بجلی کا بل ادا نہیں کرسکے ،پوزیشن ہولڈرز کے اعزاز میں ہونیوالی تقریب میں وسائل نہ ہونے کی وجہ سے والدین نہ جاسکے۔

 سعود کا مزید کہنا تھا کہ تقریب میں سب بچوں کے والدین تقریب میں موجود تھے مگر میرے والدین ادھر نہیں تھے جس کا افسوس تھا، ٹیچرز اسے ساتھ لے کر تقریب میں پہنچے تھے، سعود کا کہنا ہے کہ اسکی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کی خواہش ہے مریم نواز  اس کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کا وعدہ کریں تاکہ میں آئندہ تعلیم حاصل کر سکے، بیٹے کی اس بڑی کامیابی پر والدین خوشی سے نہال ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت ہمارے بیٹے کی امداد کرے تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔

مزیدخبریں