اقصیٰ سجاد: سیوریج کے بدترین نظام اور ٹوٹی پھوٹی سڑک اور گلیاں؛ بھٹیاں والی گلی خانپور کا علاقہ انتظامیہ کی عدم توجہ کا شکار ہو کر مسائلستان بن کر رہ گیا۔
سیوریج کا گندا پانی دکانوں اور گھروں کے سامنے جمع ہوگیا ہے جس کے نکاس اور سیوریج کی مرمت کا عرصہ سے کوئی انتظام نہیں ہو سکا۔
سیوریج کا پانی کئی کئی ہفتے گلیوں میں پانی جمع رہنے سے علاقے میں بدبو پھیل گئی ہے،مکین بتاتے ہیں کہ ان کا ضروری کام کاج کے لئے گلی میں چلنابھی محال ہوگیاہے۔
بچے اور بزرگ افراد کئی بار حادثوں کا شکار بھی ہو چکے ہیں ۔ علاقہ مکین کہتے ہیں کہ بار بار شکایات کرنے پر انتظامیہ معمولی صفائی کروا تو دیتی ہے لیکن سیوریج میں خرابی کے سبب دو چار دن میں ہی پہلے والا حال ہو جاتا ہے۔
یہاں مقیم شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خود سیوریج کی مرمت کروانے کی کوششیں کیں لیکن یہ کام ان کی استطاعت سے زیادہ بڑا ہے، ہر بار مسئلہ جوں کا توں رہا۔
علاقہ کے مینوں نے حکومت سے بھٹیاں والی گلی خانپور کے مسائل پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دینے کی اپیل کی۔