ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف کل پشاور کا دورہ کرینگے، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی وزیراعظم شہباز شریف کا پشاور میں استقبال کرینگے۔
شہباز شریف کل گورنر ہاؤس میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کے ہمراہ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت 60 طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ تقسیم کرینگے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کے لیے گورنر ہاؤس میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کرلیے گئے ہیں۔
تقریب میں صرف دعوت ناموں کے مطابق مہمان شریک ہونگے، بزنس کمیونٹی ، اساتذہ کرام، علما کرام، والدین، قبائلی مشران، صوبائی نگران وزرا اور وفاقی وزرا سمیت متعلقہ افسران شریک ہونگے، دعوت نامے جاری کردیے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف لیپ ٹاپ تقسیم تقریب کے آخر میں شرکا سے خطاب بھی کرینگے۔ پی ٹی وی تقریب کو براہ راست نشر کریگا۔
گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت نوجوان طلبا و طالبات کو آئی ٹی کے شعبے میں کامیاب دیکھنا چاہتی ہے، یہ صرف لیپ ٹاپ نہیں، ہونہار طالب علموں کی بھرپور حوصلہ افزائی ہے، مستقبل کے معماروں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں، یہ ملک و قوم کا سرمایہ ہیں۔