ویب ڈیسک: بھارت کی شمالی ریاستوں میں شدید بارش کی وجہ سے فوج اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی ٹیموں کو بھی بچاو ک اور ہنگامی مددکے کاموں کے لیے طلب کر لیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق شمالی ہندوستان کے کچھ حصوں بالخصوص ہماچل پردیش میں پیر کو مسلسل تیسرے دن مسلسل بارش نے تباہی مچا دی جہاں مٹی کے تودے گرنے سے مزید کئی افراد ہلاک ہو گئے ۔آخر کار فوج کو امدادی کارروائیوں کے لئے طلب کرنا پڑا۔
چار ریاستوں میں NDRF کی کل 39 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ جب کہ 14 نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس ٹیمیں بھارتی پنجاب میں کام کر رہی ہیں، ایک درجن ٹیمیں ہماچل پردیش میں، آٹھ ٹیمیں اتراکھنڈ میں اور پانچ ہریانہ میں تعینات ہیں۔
شمالی ہندوستان میں دہلی میں جمنا سمیت کئی دریاوں میں اس وقت طغیانی ہے۔ پورے خطے کے شہروں اور قصبوں میں، بہت سی سڑکیں اور رہائشی علاقے گھٹنوں تک گہرے پانی میں ڈوب گئے ہیں۔
بھارتی پنجاب کی حکومت نے بارشوں کی پیداکردہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام تعلیمی ادارے 13 جولائی تک بند کر دیئے ہیں۔