ویب ڈیسک: ٹوئٹر کی جانب سے موبائل ایپ کے لیے ویڈیو اور آڈیو کال کے فیچر کو جلد متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ٹوئٹر کی ڈیزائنر اینڈریا کانوے نے گزشتہ دنوں ایک ٹوئٹ میں اس بارے میں اشارہ دیا۔اس ٹوئٹ میں انہوں نے ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا تھا جس میں ویڈیو چیٹ کے فیچر کو استعمال کرتے دکھایا گیا۔اس سے ہٹ کر انہوں نے کچھ نہیں بتایا مگر اسکرین شاٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ ویڈیو اور آڈیو کال کا فیچر ڈائریکٹ میسجنگ کے سیکشن میں ہوگا۔ڈائریکٹ میسج میں اوپر دائیں جانب فون کا آئیکون دیا جائے گا جس سے آڈیو یا ویڈیو کال کی جاسکے گی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر کی جانب سے گیلری، GIF اور آڈیو سیکشنز کو بھی میسجنگ ٹیب کے بائیں جانب پلس بٹن میں شامل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، مگر اس حوالے سے کمپنی نے ابھی تصدیق نہیں کی۔چونکہ ٹوئٹر کی جانب سے اب نئے فیچرز سبسکرپشن سروس ٹوئٹر بلیو کے صارفین تک محدود کیے جا رہے ہیں تو زیادہ امکان یہی ہے کہ کالنگ فیچرز ماہانہ فیس ادا کرنے والے افراد کو ہی دستیاب ہوں گے۔خیال رہے کہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے مئی میں کہا تھا کہ بہت جلد سوشل میڈیا نیٹ ورک میں آڈیو اور ویڈیو چیٹ کا فیچر متعارف کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس فیچر کو متعارف کرانے کے بعد ہر ٹوئٹر صارف کسی بھی فرد سے دنیا بھر میں فون نمبر کے بغیر آڈیو یا ویڈیو کال پر بات کر سکے گا۔یہ نئی تبدیلیاں ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو سپر ایپ بنانے کے اقدامات کا حصہ ہیں۔ایلون مسک عرصے سے کہہ رہے ہیں کہ وہ ٹوئٹر کو ایسی ایپ بنانا چاہتے ہیں جہاں ہر قسم کی سروس صارف کو دستیاب ہو۔ایلون مسک کو توقع ہے کہ آڈیو اور ویڈیو کالز کے فیچر سے مزید افراد کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لانے میں مدد ملے گی۔