(مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے بارے پیش گوئیاں کی جارہی ہیں جبکہ ڈیلٹا وائرس جو درحقیقت انڈین وائرس اس کے بھی کیسزسامنے آچکے ہیں، پنجاب حکومت نے کورونا سے بچاؤ کے لئے ہفتہ برائے پابندی کورونا ایس او پیز منانے کا فیصلہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق مہلک وبائی مرض کورونا وائرسکی چوتھی لہر کے بارے پیش گوئیاں کی جارہی ہیں، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے ڈیلٹا وائرس اور پاکستان میں موجود دیگر وائرس کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دے دی ہے، پاکستانی عوام کو اس وائرس کے مضر اثرات سے بچانے کے لئے این سی او سی نے خصوصی اقدامات کئے ہیں، ڈیلٹا وائرس جو درحقیقت انڈین وائرس ہے، انتہائی خطرناک ہے۔
حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد یقینی بنانے کےلیے ہفتہ برائے پابندی کورونا ایس او پیز اور ویکسی نیشن منانے کااعلان کیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنےکہا کہ عید کے موقع پر بے احتیاطی کے باعث کورونا وائرس پھیلنے کا خدشہ ہے، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائیں، ایس او پیز کی خلاف ورزی پرکی جانے والی کارروائیوں سے متعلق رپورٹ روزانہ کی بنیاد پربھجوائی جائے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب حکومت نے 9 سے 18جولائی تک ہفتہ برائے پابندی کورونا ایس او پیز اور ویکسی نیشن منانے کا فیصلہ کیا ہے، کورونا ایس او پیز کی مانیٹرنگ کے لیے محکمہ داخلہ کی زیر نگرانی صوبائی کنٹرول روم قائم کیا جارہا ہے، جب کہ بازاروں، پارکوں،ریسٹورنٹس، شادی ہالز اور پبلک مقامات پرچیکنگ کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ این سی او سی نے متعلقہ ایس او پیز پر عمل درآمد اور ویکسین لگوانے کی رفتار کو تیز کرنے پر زور دیا ہے، موجودہ ایس او پیز کا شدت سے نفاذ 9 سے 19 جولائی تک یقینی بنایا جائے گا ،عید الالضحی پر غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود رکھنے کیے لئےمختلف تجاویز زیر غور ہیں، یکم اگست سے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر ہوائی سفر کرنے پر پابندی عائد ہوگی، سیاحتی مقامات کا سفر اور ہوٹل بکنگ بھی نہیں ہو گی، یکم اگست سے اس پابندی کا اطلاق 18 سے 30 سال تک کے افراد پہ بھی ہو گا۔