(اکمل سومرو)لاہور بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات کا آغاز، امتحانی عملہ پر بھی موبائل فون لانے پر پاپندی عائد، پہلے روز شماریات، سائیکالوجی سمیت چار مضامین کے پرچے لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں،پہلے روز دونوں شفٹوں میں سیکنڈ ایئر کے چار مضامین کے پرچے ہوئے،شماریات، سائیکالوجی، اپلائیڈ سائنسز اور ہیماٹالوجی کا پرچہ لیا گیا، لاہور بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ امتحان کے لئے 462 امتحانی مراکز تشکیل دیئےگئےہیں، جس میں ایک لاکھ 90 ہزار طلباء امتحان دے رہے ہیں،امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144 کا نفاذ ہے۔
امتحانی سنٹرز کی نگرانی کیلئے موبائل انسپکٹرز، اقامتی آفیسر اور چیئرمین سکواڈ پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو شہر بھر کے امتحانی مراکز کی انسپکشن کرنے کی مجاز ہوں گی،چیئرمین بورڈ ڈاکٹر حبیب مرزا نے لارنس روڈ امتحانی مرکز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر سٹی فورٹی ٹو سے گفتگوکرتےہوئےانہوں نےکہاکہ امتحانی مراکزکےفول پروف انتظامات ہیں اور امتحانی عملہ کو بھی موبائل فون لانے کی اجازت نہیں دی گئی ۔
واضح رہے کہ لاہور بورڈ نے میڑک امتحانات کی ڈیٹ شیٹ جاری کر دی ہے،میٹرک کے امتحانات کا انعقاد 29 جولائی سے ہوگا،میٹرک کے امتحانات 9 اگست تک جاری رہیں گے،لاہور بورڈ کے تحت دسویں کے امتحان کے پہلے روز پانچ مضامین کے پرچے ہوں گے،دو شفٹوں میں ہونے والے ان امتحانات کی تفصیلات بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی جاری کر دی گئی ہے جبکہ طلباء کی رول نمبر سلپس آئندہ ہفتے سے جاری ہوں گے۔
گیارہویں کے امتحان 12 اگست اور نہم کے 28 اگست شروع ہوں گے، نتائج کا اعلان پیپر ختم ہونے کے 75 دنوں بعد کیا جائے گا۔