سٹی 42: کرکٹ سٹار عمر اکمل آٹو گراف مانگنے پرآپے سے باہر ہو گئے۔ اپنے ہمسایوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر پولیس کے حوالے بھی کر دیا ۔ تشدد کا نشانہ بننے والوں میں برطانوی شہری بھی شامل ہے۔ پولیس کو عمر اکمل کے خلاف درخواست موصول ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ڈیفینس فیز فائیو میں عمر اکمل رات گئے اپنی گاڑی پر گھر پہنچے تو اس دوران دوسری گاڑی میں بیٹھے ان کے ہمسایوں نے عمر اکمل کو آٹو گراف لینے کے لیے روکنا چاہا تو عمر اکمل نے انہیں گالی دے دی جا کے بعد دونوں جانب سے تلخ جملوں کا تبادلہ ہونے کے ساتھ ساتھ ہاتھا پائی بھی ہوئی جس میں برطانوی شہری جاوئن ، اویس ، اسلم اور شیخ علی کو چوٹیں آئیں۔
عمر اکمل نے فوری ون فائیو پر کال کی جس کے بعد پولیس عمر اکمل کے ساتھ ہاتھا پائی کرنے والوں کو تھانے لے آئی۔ پولیس کے مطابق عمر اکمل کے خلاف درخواست موصول ہو چکی ہے اور زخمیوں کا میڈیکل کروایا جا رہا ہے جس کے بعد قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمر اکمل کے ہمسائے میں برطانوی شہری جوائن مہمان آیا ہوا تھا اور اس نے ہی عمر اکمل کا آٹو گراف لینے کی خواہش کی تھی۔