والٹن ائیر پورٹ مسماری کیس، 4 صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری

10 Jul, 2021 | 11:11 AM

Sughra Afzal

(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے والٹن ائیر پورٹ مسماری کیلئے جاری آرڈیننس کی قانونی حیثیت کیخلاف درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ درخواستگزار والٹن ایئر پورٹ پر 8 ہفتوں تک پائلٹس کی ٹریننگ جاری رکھ سکتے ہیں۔

جسٹس علی باقر نجفی نے لاہور فلائنگ کلب اور دیگر کی درخواستوں پر 4 صفحات پر مشتمل عبوری تحریری حکم جاری کیا، عبوری حکم میں کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن نے بھی مشروط طور پر درخواستگزاروں کو والٹن ایئروڈروم پر امور جاری رکھنے پر رضا مندی دی، سول ایوی ایشن نے درخواستگزاروں کیلئے لاہور ائیرر پورٹ پر عارضی انتظامات مکمل کرنے کیلئے 10 ہفتوں کا وقت بتایا، لاہور ایئر پورٹ پر 12 ہینگر قائم کرنے کیلئے سول ایوی ایشن نے مزید 12 ہفتوں کا وقت بتایا۔ 

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے آمنہ وارثی ایڈووکیٹ نے رپورٹ پیش کی، درخواستوں میں وفاقی اور پنجاب حکومت، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پنجاب حکومت نے والٹن ائیر پورٹ کی اراضی پر کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پنجاب حکومت نے 100 سالہ تاریخ کا حامل والٹن ائیر پورٹ گرانے کیلئے آرڈیننس بھی جاری کرد یا ہے، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے قریب کثیر المنزلہ عمارتوں کی موجودگی کے باوجود فلائٹس آپریشن جاری رہنا حکومتی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے۔

مزیدخبریں