(اسرار خان) گجر پورہ میں 20 لاکھ روپے بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سٹی 42 نے حاصل کرلی۔
فائرنگ کا واقعہ سی ون بلاک چائنہ سکیم کے رہائشی رانا جمیل کے گھر گزشتہ رات پیش آیا، سٹی 42 نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہےکہ رات ایک بج کر 20 منٹ پر کار سوار ملزم جائے وقوعہ پر دکھائی دیتا ہے، ملزم متاثرہ شہری کے گھر کے باہر گاڑی روک کر آٹومیٹک رائفل سے اندھادھند فائرنگ کرتا ہے، فائرنگ سے گھر میں کھڑی گاڑی، دیواریں اور کھڑکیاں متاثر ہوئیں، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب متاثرہ شہری نے اندراج مقدمہ کی درخواست تھانہ گجر پورہ میں جمع کروا دی۔ درخواست گزار نے ملزم ندیم عرف مٹھا گاڈی کو نامزد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ملزم ندیم نے اس سے 20 لاکھ روپے بھتہ مانگا، نہ دینے پر فائرنگ کی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔