زاہد چودھری : یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ کوئی کالج اپ گریڈ ہونے والے طلبہ کی فیس نہیں روک سکتا۔اپ گریڈ ہونے والے طلبہ کی فیسیں ٹرانسفر نہ کرنے والے پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی سفارش کی گئی۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی صوبائی داخلہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ۔ اجلاس کی صدارت وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے کی۔ اپ گریڈ ہونے والے طلبہ کی فیسیں ٹرانسفر نہ کرنے والے پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی سفارش کی گئی ، پروفیسر جاوید اکر نے کہا کہ داخل ہونے والے طلبہ کو میرٹ کے مطابق دوسرے کالجوں میں اپ گریڈ کیا جاتا ہے،کوئی کالج اپ گریڈ ہونے والے طلبہ کی فیس نہیں روک سکتا۔
پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا ہے کہ داخلہ کمیٹی کا معاملہ پی ایم ڈی سی اور یونیورسٹی سنڈیکیٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سنڈیکیٹ کا فوری اجلاس بلاکر پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے خلاف تادیبی کاروائی کی سفارش کی جائیگی، بعض پرائیویٹ میڈیکل کالجوں نے دوران سیشن قانون کے خلاف فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے، وی سی یو ایچ ایس معاملہ 13 جولائی کو پی ایم ڈی سی ایڈمیشن بورڈ کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔
ٹیم لیڈ داخلہ ڈاکٹر اللہ رکھا نے کہا کہ اس سال قانونی چارہ جوئی اور بعد ازاں کورونا کے باعث داخلوں میں تاخیر ہوئی،تین ماہ سے زیادہ عرصہ گزرنے کے باعث بعض کالجز طلبہ کو فیس ریفنڈ نہیں کر رہے، کورونا کے باعث غیر معمولی صورتحال کا سامنا ہے، طلبہ کو اس کا فائدہ ملنا چاہیے،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ہائی کورٹ نے 29 جنوری کی لسٹ منسوخ کی، کالجز اس لسٹ کے طلبہ کو فیسیں واپس کریں، اجلاس میں پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج لاہور پروفیسر عارف تجمل، رجسٹرار یو ایچ ایس ڈاکٹر اسد ظہیر نے شرکت کی ،ویڈیو لنک کے ذریعے صدر پامی ڈاکٹر جاوید اصغر، ممبر پی ایم ڈی سی پروفیسر تنویر خالق بھی شریک ہوئے۔