مال روڈ (عمران یونس) محکمہ خوراک نے شہریوں کو سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی کیلئے فیئر پرائس شاپس اور سیل پوائنٹ قائم کر دیئے، سینئروزیرخوراک عبدالعلیم خان کو تمام ڈویژنزنے سستے آٹے کی فراہمی کی رپورٹ ارسال کردیں۔
محکمہ خوراک کے مطابق پنجاب بھر میں سستے آٹے کی فراہمی شروع کر دی گئی، 20 کلو کا تھیلا 860 روپے میں دستیاب ہے، جنرل سٹورز اور کریانے کی تمام دکانوں پر آٹے کے تھیلے کنٹرول ریٹ پر مل رہے ہیں، مختلف اضلاع میں شہریوں کی سہولت کیلئے فیئر پرائس شاپس اور سیل پوائنٹ بھی قائم کر دیئے گئے ہیں۔
وزیر خوراک عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ کسی جگہ کوئی بھی شکایت ملی تو فوری کارروائی ہو گی، آٹے کے تھیلے کی ایکس مل ریٹ 837 اور ریٹیل پرائس 860 روپے ہے، ہر ضلع میں باقاعدہ مانیٹرنگ ہو رہی ہے، محکمہ خوراک مکمل الرٹ ہے، فلورملز سے بھی رابطے میں ہیں، آٹے کی مسلسل فراہمی جاری رہے گی۔
دوسری جانب حکومت پنجاب نے محکمہ خوراک کو شہر کے تمام سٹورز اور شاپس پر آٹے کی سرکاری قیمت اور دستیابی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ خوراک کو موصول ہونیوالی ہدایات کے مطابق فلور ملز نے اب تک لاہور شہر کے 97 سٹورز اور دکانوں پر آٹا سپلائی کیا ہے، محکمہ خوراک 97 سٹورز اور شاپس پر سرکاری قیمت اور دستیابی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کرےگا، اس ضمن میں محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز کو متعلقہ سٹورز کی فہرستیں بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرول ون شاہد محمود اور ڈی ایف سی ٹو محمد زمان کی سربراہی میں فیلڈ ٹیموں نے انسپکشن شروع کر دی ہے،محکمے نے گزشتہ روز 20 کلو تھیلے کی رٹیل پرائس 860 اور 10 کلو تھیلے کی قیمت 430 کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔