عید الاضحیٰ سے قبل سبزیاں مہنگی ہوگئیں

10 Jul, 2020 | 09:48 AM

Shazia Bashir

 فیروزپورروڈ (حسن علی، فاران یامین، شہزاد خان، عثمان علیم) عیدالاضحی سے قبل لہسن، ادرک، ہری مرچ، ہرا دھنیا، پیاز سمیت تمام سبزیاں مہنگی ہو گئیں۔ جبکہ حکومت کے تمام تر دعوؤں کے باوجود چینی اور آٹے کی قیمت میں بھی کمی نہ آ سکی۔

 ٹماٹر چند روز قبل 30 سے 40 روپے میں فروخت ہو رہے تھے اب 100 سے 120 روپے میں فروخت ہوتے رہے جبکہ پیاز 50سے 60، لہسن 300، ادرک 400، ہری مرچ 100 سے 120، ہرا دھنیا 250، آلو 80 سے 90، کھیرے 80 روپے فی کلو میں فروخت ہوتے رہے۔ سبزیوں کیساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے چینی کی قیمت 70 روپے تو مقرر کی گئی ہے۔

 لیکن شہر میں چینی 80 سے 85 روپے میں فروخت ہوتی رہی۔ دوسری طرف حکومت کی جانب سے فلور ملز کو سرکاری گندم کی فراہمی کے باوجود آٹے کا 20 کلو تھیلا 1050 روپے میں ہی فروخت ہوتا رہا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کوچاہیے کہ وہ منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرے تاکہ مہنگائی کم ہو سکے۔

دوسری طرف دکانداروں کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اس وقت تک کمی نہیں آ سکتی جب تک منڈیوں میں موجود منافع خوروں کو قابو نہ کیا جائے، شہریوں کا کہنا ہے کہ عید سے قبل مہنگائی میں اضافہ حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اوپن مارکیٹ میں مہنگی سبزیوں کیخلاف دھرم پورہ کے رہائشیوں نے مہنگائی کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی ۔

شہریوں نے کہا ہے کہ ہیں کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں روز روز اضافہ ہورہا ہے، کوئی پوچھنے والانہیں، دکانداروں کی جانب سے سرکاری نرخنامہ یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے، حکومت نے شہریوں کو منافع خوروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ شہرمیں چینی کی سرکاری قیمت 70 روپے مقرر ہے مگراوپن مارکیٹ میں چینی 80 سے 85 روپے فی کلوگرام  تک میں فروخت کی جارہی ہے۔ 20 کلو آٹے کے سرکاری نرخ  850 ہیں مگراوپن مارکیٹ میں تھیلا1050 روپے تک فروخت کیا جارہا ہے۔  دالیں بھی سرکاری ریٹ لسٹ کے برعکس 50 سے 70 روپے تک مہنگی ہیں۔

دوسری جانب سو نے کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔خالص 24قیراط فی تولہ سوناایک لاکھ 8 ہزار 700 کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اورپنجاب حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے میں ناکام، اوپن مارکیٹ میں چینی اور آٹے کے سرکاری ریٹس نرخ نظراندازہیں، شہر بھر میں 286 انسپیکشنز،21 ایف آئی آرز کا اندراج اور47 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے۔ چینی کا سرکاری ریٹ 70 جبکہ فروخت 80 روپے فی کلومیں کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں