وزیر اعلیٰ پنجاب کی ڈیڈ لائن

10 Jul, 2020 | 10:51 AM

Azhar Thiraj

لاہور: پنجاب بھر میں سستا آٹا شہریوں کیلئے خواب بن گیا، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار بھی ایکشن میں آگئے۔ صوبے میں آٹے کو سرکاری قیمت پر فروخت کرنے کے لیے محکمہ خوراک کو  24 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  محکمہ خوراک اور انتظامی اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ 24 گھنٹے میں20 کلو آٹے کی 860 روپے میں فروخت یقینی بنائی جائے اور انتظامی ادارے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھی ذمے داریاں پو ری کریں۔


 اُدھر وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ کہ 20کلو آٹے کے تھیلے کی ایکس مل پرائس 837 اور ریٹیل پرائس 860 روپے ہے، فیئرپرائس شاپس اور سیل پوائنٹ بھی قائم کردیے ہیں۔ہر ضلع میں قیمتوں کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے، محکمہ خوراک مکمل الرٹ ہے، فلور ملوں سے بھی رابطے میں ہیں، کہیں سے شکایت ملی تو فوری کارروائی ہو گی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  کہا تھا کہ  صوبے میں آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام انتظامی اقدامات اٹھائیں گے، آٹے کی مقرر کردہ نرخوں پر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، آٹا تھیلا کی قیمت میں خود ساختہ اضافہ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق قانونی کارروائی ہوگی، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ قیمتوں میں فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کرنے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں، آٹے اور دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے، عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے اور کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔

 یاد رہے وزیر اعلیٰ نے جمعرات کی شب لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ،دورے کے دوران انہوں نے مون سون کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مون سون میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ ادارے  فعال رہیں،کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزیدخبریں