سٹی 42 : ورلڈ چیمپئن محمد آصف نے سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیت لی، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے انہیں مبارکباد دی گئی ہے ۔
تیسری سارک اسنوکر چیمپئن شپ 2025ء کے فائنل میں محمد آصف نے سری لنکا کے طلحہ عشرت کو شکست سے دوچار کیا۔ کولمبو میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل مقابلے میں محمد آصف نے میچ بغیر کوئی فریم ڈراپ کیے جیت لیا۔
محمد آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ میری کامیابی کی پیچھے میری محنت، والدین اور قوم کی دعائیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سارک اسنوکر فائنل میں قوم کی دعائیں ہی میری کامیابی کا نتیجہ ہے، محنت رنگ لائی، والدین کی دُعائیں میرے ساتھ تھیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پاکستانی کھلاڑی محمد آصف کو تیسری سارک اسنوکر چیمپیئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی گئی، کہا کہ محمد آصف نے فائنل سمیت پوری چیمپیئن شپ میں بہترین کھیل پیش کیا، محمد آصف نے اسنوکر کے کھیل میں پاکستان کا نام روشن کیا ۔
انہوں نے کہا کہ محمد آصف کی مستقبل میں بھی کامیابی کیلئے دعا گو ہوں ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسنوکر کھلاڑی محمد آصف کو تیسری سارک اسنوکر چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ، کہا کہ محمد آصف نے اسنوکر کی ایک اہم چیمپئن شپ جیت کر ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے محمد آصف کے مستقبل کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔