زاہد اقبال رانا: ایف آئی اے گجرانوالہ زون نے یونان کشتی حادثے میں ملوث بدنام زمانہ انسانی سمگلر سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت مدثر علی، علی سلطان اور محمد نوید کے نام سے ہوئی ہے جنہیں گوجرانوالہ، وزیر آباد اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے۔ ملزم مدثر علی یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے، جس میں اس نے متاثرہ رحمان علی سے 28 لاکھ روپے وصول کیے تھے تاکہ اسے کشتی کے ذریعے یورپ بھجوایا جا سکے۔
مدثر علی نے متاثرہ کو لیبیا میں سیف ہاؤس میں رکھا اور بعد ازاں کشتی کے ذریعے یورپ بھجوانے کی کوشش کی تاہم حادثے میں متاثرہ کی موت واقع ہوئی۔ اس کے بعد ایف آئی اے نے متعدد چھاپے مارے اور ملزم کو گرفتار کیا۔
دوسری طرف ملزمان علی سلطان اور محمد نوید نے شہری کو اٹلی میں ملازمت کا جھانسہ دے کر 20 لاکھ روپے وصول کیے تھے تاہم وہ متاثرہ کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور روپوش ہو گئے تھے۔
ایف آئی اے نے تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر کا کہنا ہے کہ انسانی سمگلروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔