ویب ڈیسک: دین کے لیے شوبز کو خیرباد کہنے والی سابق اداکارہ نور بخاری نے سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنے پر ناقدین کو کھڑی کھڑی سنادی۔
ادکارہ نور نے شوبز کو بہت پہلے ہی خیرباد کہہ دیا تھا اور باقاعدہ حجاب کرنے لگی تھیں، وہ فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر خاصی متحرک ہیں اور اپنی باحجاب تصویریں شیئر کرتی رہتی ہیں۔انہوں نے حالیہ تصویر اپنی فیملی کے ہمراہ پوسٹ کی، جس میں انہیں حجاب نما پگڑی اسٹائل پہنتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ اسٹائل عمومی طور پر پاکستان سے باہر بہت مقبول ہے اور بہت سی سیلبرٹیز اس حجاب اسٹائل کو اپناتی ہیں لیکن نور کو یہ حجاب کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑ گیا۔صارفین کا اس حجاب اسٹائل پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ حجاب نہیں ہے اور الزام لگایا کہ انہوں نے حجاب کو مذاق بنایا ہے۔
اس پر نور بخاری کا شدید ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ حجاب پہننا میری ذاتی چوائس ہے، یہ میں آپ کے لیے نہیں کرتی تو میری اس چوائس پر کمنٹ کرنا بند کردیں، یہ آپ کا مسئلہ نہیں ہے کہ میں حجاب پہنوں، پگڑی یا ڈوپٹہ پہنوں، اگر میری قبر کا حساب آپ نے دینا ہے تو بولیں ورنہ خاموش رہیں۔ اداکارہ کے اس ردعمل پر ایک صارف نے کہا کہ کسی پبلک فگر کے بارے میں کہنے کا انہیں پورا حق ہے۔
تصاویر کے علاوہ نور بخاری نے شادی میں شرکت کی مختصر ویڈیوز بھی اپنی انسٹا اسٹوریز پر شیئر کیں۔ تاہم لوگوں کو ان کا حجاب باندھنے کے انداز پر تنقید کے بعد نور بخاری نے کمنٹس کا سلسلہ ہی بند کر دیا۔
یاد رہے کہ اداکارہ نور بخاری پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف ادکارہ رہ چکی ہیں،نور نے اپنے کیریئر کا آغاز بہت کم عمری میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کیا اور جلد ہی اپنی خوبصورتی اور ٹیلنٹ کی بدولت فلم انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام بھیئحاصل کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں "مجھے چاہنے دو"، "گھونگھٹ"، "تجھے پیار کی قسم" اور دیگر کئی شامل ہیں۔
1974 میں لاہور میں پیدا ہونے والی نور بخاری اداکاری کے علاوہ اپنی کئی شادیوں کے باعث خبروں میں رہی ہیں، انہوں نے چار شادیاں کی ہیں۔نور بخاری نے 2008 میں ایک ہندوستانی وکرم سود سے پہلی شادی کی تھی جو 2010 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی، انہوں نے دوسری شادی ہدایتکار فاروق مینگل سے کی جو زیادہ عرصہ نہیں چل سکی، تیسری شادی انہوں نے ولی حامد خان سے کی ، یہ بھی زیادہ عرصہ نہیں چل سکی، وہ اس وقت سیاستدان عون چوہدری کے ساتھ شادی کے رشتے میں منسلک ہیں۔