سٹی42: افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر نے کابل کے دورہ پر گئے ہوئے جمعیت علما اسلام کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ عشائیہ میں مولانا فولانا فضل الرحمان اور ان کے وفد کے ارکان نے شرکت کی۔
اس موقع پر ملاقات میں کابل میں تعینات پاکستانی سفیر عبیدالرحمان نظامانی نے مولانا فضل الرحمان کو پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات اور علاقہ کی صورتحال سے آگاہ کیا۔
مولانا فضل الرحمان نے پاکستانی سفیر اور سفارتخانے کے عملے کی خدمات کو سراہا۔مولانا فضل الرحمان کا پاکستانی سفیر کے ساتھ گفتگو میں کہنا تھا کہ افغانستان کے وزیراعظم اور دیگر اکابرین سے ان کے وفد کی ملاقاتیں مثبت رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر اورمضبوط تعلقات کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مولانا نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری سے خطے میں امن و استحکام کی شمع روشن ہو گی۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ ان حالات میں آپکا دورہ افغانستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
جمعیت علما اسلام کے وفد میں مولاناشیخ ادریس، مولانا عبدالواسع، مولانا صلاح الدین ایوبی، مولانا عطاء الحق درویش، مولانا امداداللہ، مفتی ابرار احمد، مولانا جمال الدین، فضل الرحمان خلیل، مولانا عبدالرشید ، سلیم الدین شامزئی، مصباح اللہ اور حافظ یوسف شامل تھے۔