(ویب ڈیسک) فردوس جمال کینسر کے مرض میں مبتلا ہو گئے، نجی ہسپتال میں ان کا علاج کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر لیجنڈری اداکار فردوس جمال کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں، ان کا علاج پہلے شوکت خانم ہسپتال سے ہونا تھا، بعدازاں وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایات پر انمول ہسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔
فردوس جمال کی انمول ہسپتال میں ریڈی ایشن کا عمل شروع ہوگیا ہے، پانچ روز ریڈی ایشنز کا عمل ہونے کے بعد انمول ہسپتال میں ہی ان کی کیمو تھراپی کی جائے گی۔اہل خانہ کی فردوس جمال کے مداحوں سے جلد صحت یابی کی دعا کرنے کو کہا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نےاداکار فردوس جمال کو ٹیلی فون کر کے ان کی مزاج پرسی کی ۔وزیراعظم نے فردوس جمال سے ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اورعلاج سے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔
وزیراعظم نے فردوس جمال کو علاج معالجے میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ پوری قوم آپ کیلئے دعا گو ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ آپ کے علاج میں کسراٹھا نہیں رکھیں گے۔ فردوس جمال نے مزاج پرسی اورعلاج سے متعلق یقین دہانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فردوس جمال کی صحت میں بہتری پر اظہار تشکر کیا ہے، ساتھ ہی ایک کروڑ روپےکا امدادی چیک فردوس جمال کو دیے جانے سے متعلق رپورٹ پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔