(مانیٹرنگ ڈیسک) مچھلی کا شکار کرتے وقت ماہی گیروں کے جال میں بعض اوقات ایسے سمندری جانور آجاتے ہیں جنہیں دیکھ کر وہ خود بھی حیران و پریشان ہوجاتے ہیں کہ سمندر میں کیسی کیسی مخلوق ہے، ایسا ہی واقعہ روسی مچھیرے کیساتھ پیش آیا، روسی ماہی گیر کے جال میں عجیب و غریب سمندری مخلوق پھنس گئی جسے شکاری نے شیطانی مچھلی کا نام دے دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ عجیب و غریب سمندری مخلوق نارویجن سمندر سے دریافت ہوئی جس کی تصاویر مشہور روسی مچھیرے رومن فیڈروسوف نے سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
تصویر کے ساتھ مچھیرے نے کیپشن دیا کہ اس نے حال ہی میں ایسی مچھلی پکڑی ہے جسے بھیڑیا مچھلی، شیطانی مچھلی کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، یہ نیلے اور گرے رنگ کی مچھلی ہے جس کا منہ کسی خوفناک کتے کی طرح ہے۔
رومن کی جانب سے شیئر کی گئی عجیب و غریب مچھلی کی ویڈیو نے سوشل میڈیا صارفین کی فوری توجہ حاصل کرلی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مچھلی کی آنکھیں اور منہ باہر کی جانب نکلے ہوئے ہیں۔
ویڈیو کو اب تک ساڑھے 3 لاکھ کے قریب صارفین دیکھ چکے ہیں جب کہ 11 ہزار سے زائد لوگوں نے ویڈیو پر پسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔