ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک میں سردی کی نئی لہر، مغربی ہوائیں داخل،الرٹ جاری

Weather Situation
کیپشن: Weather Situation
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: مغربی ہوائیں شمالی بلوچستان میں آج داخل ہوں گی، بدھ سے جمعہ کے دوران بارش اور برف باری کی پیش گوئی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، کراچی میں سردی بڑھنے کا امکان ہے۔

اس حوالے سے بلوچستان کے محکمہ پی ڈی ایم اے نے صوبے کے تیرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو مراسلہ جاری کردیا۔ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نصیر خان ناصر کی جانب سے جاری مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ آج رات شمالی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے۔

اس موسمی نظام کے زیرِاثر ہونے سے کوئٹہ، ژوب، بارکان، زیارت، نوکنڈی، دالبندین، قلات مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللّٰہ، قلعہ عبداللّٰہ، چمن، پشین، مسلم باغ اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 11 اور 12 جنوری کو مکران کے ساحل پر ہلکی بارش بھی متوقع ہے، جبکہ برف باری پہاڑی علاقوں میں عام گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل ڈال سکتی ہے، اس لئے شہری پہاڑی علاقوں میں غیرضروری سفر سے گریز کریں۔

پی ڈی ایم کے مراسلے میں ضلعی انتظامیہ کو خطرناک مقامات پر بھاری مشینری کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔دوسری جانب کل سے اسلام آباد، لاہور، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر میں بارش متوقع ہے۔

لیہ، فیصل آباد، جھنگ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، مظفر گڑھ، ملتان اور خانیوال میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔مری میں شدید برفباری سے سڑکوں کی بندش اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔

بارش اور برف باری کے باعث 13 جنوری سے کراچی میں بھی سردی بڑھنے کا امکان ہے، 14 سے 17 جنوری کے دوران رات کا درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں جاسکتا ہے۔

علاوہ ازیں برفباری کے بعد سوات میں سیاحوں نے مالم جبہ کا رخ کرلیا، استور میں دوسرے روز بھی برف باری جاری رہی۔ضلع دیامر میں برف باری سے نظام زندگی مفلوج ہوچکا ہے، آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف باری اور بارش کا سلسلہ تھم گیا۔ برف باری کے باعث شاردہ سے تاؤبٹ تک شاہراہ نیلم بند ہے۔