ویب ڈیسک: پاکستان کو انتہائی مطلوب دہشت گرد محمد خراسانی افغان صوبہ ننگرہار میں مارا گیا۔
تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان دہشت گرد محمد خراسانی افغانستان کے صوبے ننگرہار میں مارا گیا۔ دہشت گرد محمد خراسانی تحریک طالبان پاکستان کا ترجمان تھا، اور اس کا اصل نام خالد بلتی تھا، محمد خراسانی میرانشاہ میں دہشت گردی کا مرکز چلا رہا تھا۔ آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کے بعد محمد خراسانی افغانستان بھاگ گیا تھا، وہ شاہد اللہ شاہد کے بعد کالعدم ٹی ٹی پی کا ترجمان بنا تھا۔
محمد خراسانی معصوم عوام اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھا، وہ ٹی ٹی پی کے مختلف دھڑوں کو متحد کرنے میں مصروف تھا، اور پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ ٹی ٹی پی دہشت گرد محمد خراسانی نے حال ہی میں پاکستان کے اندر مختلف کارروائیوں کا اشارہ بھی دیا تھا۔