عرفان ملک: معاشرے میں دیکھا گیا ہے کہ پولیس اہلکار ہوں یا ٹریفک وارڈن ان میں کچھ ایسی کالی بھڑیں بھی ہیں جو اپنی وردی کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے غیرقانونی اقدامات کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
لاہور کے پوش علاقے میں مفت کا کھانا دینے سے منع کرنے پر ٹریفک وارڈن غصے میں آگیا۔ٹریفک وارڈن نے انٹرنیشنل فوڈ چین کے ایف سی کے مینجر سمیت آٹھ ملازمین پر مقدمہ درج کروا دیا۔ یہ ہی نہیں فوڈ چین کے ایف سی کی خاتون مینجر پر بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔
کنٹری ہیڈ کے ایف سی گوہریز خان کا کہنا ہے کہ عنصر عمران عرصہ دراز سے کے ایف سی سے مفت کھانا لے کر جاتا ہے۔ مفت کھانے سے منع کیا تو ملازمین کو بلاوجہ تنگ کرنا شروع کر دیا۔پٹرولنگ آفیسر شادمان عنصر عمران کی مدعیت میں شادمان پولیس نے مقدمہ درج کیا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں ٹریفک وارڈن کے ایف سی سے بغیر پیسے کھانا لے کر جاتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے ٹریفک وارڈن کے مفت کھانے کے معاملے پر نوٹس لے لیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ واقعہ کی خود انکوائری کررہے ہیں، قصور وار کےخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ابتدائی تحقیقات میں مفت کھانے لینے والی کوئی بات سامنے نہیں آئی جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے تمام تر حقائق سامنے لائے جائیں گے۔