ویب ڈیسک : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری میں پیش آنے والے اندوہناک سانحے کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی سانحے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی۔
حادثےکی تحقیقات کے لیے قائم پانچ رکنی کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب ظفر نصراللہ کریں گے۔ کمیٹی اس بات پر غور کرے گی کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مری کے شدید موسم کے حوالے سے وارننگ جاری کیے جانے کے باوجود متعلقہ حکام، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں نے بحرانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی مشترکہ ایکشن پلان تیار کیا یا نہیں۔ عوام کو مری کا سفر کرنے سے روکنے کے لیے کوئی سفری ہدایات اخبار، ٹی وی یا سوشل میڈیا پر جاری کی گئی تھیں یا نہیں۔ صورتحال قابو سے باہر ہونے پر اسلام آباد اور گلیات میں انٹری پوائنٹس پر گاڑیوں اور سیاحوں کو جانے سے کیوں نہیں روکا گیا۔
حکومت پنجاب کے اعلامیے کے مطابق اس بات کا بھی تعین کیا جائے گا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیا کوئی متبادل منصوبہ بنایا گیا تھا، برف ہٹانے کے لیے بھاری مشینری کا انتظام کیا گیا یا نہیں، ٹریفک پولیس اہلکاروں کی مناسب تعداد کی تعیناتی یقینی بنائی گئی یا نہیں اور ہنگامی حالت سے نمٹنے کے لیے کوئی کنٹرول روم بنایا گیا تھا یا نہیں۔ کیا مسافروں کی ہنگامی بنیادوں پر رہائش کا انتظام کرنے کے لیے مقامی ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز سے پہلے سے رابطہ کیا گیا تھا۔
تحقیقاتی کمیٹی سات دن میں اپنی رپورٹ مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ ذمے داروں کا تعین بھی کرے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے واضح کیا کہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں غفلت یا کوتاہی کے ذمہ داروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی-