لاہور میں پھر شدید دھند چھاگئی، معمولات زندگی متاثر

10 Jan, 2022 | 11:24 AM

(سٹی42) لاہور اور گردونواح میں شدید دھند چھاگئی، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے کو ٹریفک اور رن وے کو پروازوں کیلئے بند کردیا گیا۔  

صوبائی درالحکومت لاہور کو دھند نے ایک بار پھر اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، معمولات زندگی متاثر ہوگئے، حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے ایم 2 کو لاہور سے شیخوپورہ تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردیا۔

موٹروے پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مسافروں کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے موٹروے کو بند کیا گیا، شہری غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ اگر شہری موٹروے کے علاوہ کوئی متبادل راستہ اختیار کرتے ہیں تو فوگ لائٹس کا ضرور استعمال کریں۔

شدید دھند کے باعث لاہور ائیر پورٹ پر حد نگاہ صرف 100 میٹر رہ گئی،جس کی وجہ سے رن وے کو پروازوں کیلئے بند کر دیا گیا، سعودی ایئرلائن کی پروازایس وی 734 اور کویت سے آنیوالی پرواز کےیو 203 کو لینڈنگ کی اجازت بھی  نہیں دی گئی، طیارے لاہور کی فضائی حدود میں چکر لگا رہے ہیں۔

دوسری جانب دھند سے ٹرینوں کا شیڈول بھی متاثر ہوا، شاہ حسین ایکسپریس 7 گھنٹے 50 منٹ، بزنس ایکسپریس 7 گھنٹے40 منٹ،کراچی ایکسپریس، شاہ فرید ایکسپریس، خیبر میل، گرین لائن، قراقرم ، تیزگام سمیت متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئی۔

محکمہ موسمیات کےمطابق لاہور شہر میں آج سورج اور بادلوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 6 اور زیادہ سے زیادہ 16 ڈگری سینٹی رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 60 فیصد ہے، لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 175 ریکارڈ کیا گیا۔

کوٹ لکھپت 278، فیز8 ڈی ایچ اے 261، ماڈل ٹاون 236، مال روڈ 230، یو ایس قونصلیٹ 229، انار کلی 190، ٹھوکر نیاز بیگ 186، ٹاون شپ 170 ائیرکوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔

مزیدخبریں