ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

لاہور کی بجلی بحال، اورنج ٹرین بھی چل پڑی

 لاہور کی بجلی بحال، اورنج ٹرین بھی چل پڑی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی 42) 9 گھنٹے بعد صوبائی دارالحکومت لاہور کی بجلی بحال کر دی گئی تاہم مضافاتی علاقوں میں   ٹیکنیکل مسائل کے باعث بجلی تاحال بند ہے، اورنج ٹرین بھی چل پڑی۔

گزشتہ رات  لاہور سمیت ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے کے سبب پاکستان اندھیرے میں ڈوب گیا تھا، 9 گھنٹے بعد پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی کی بحالی شروع ہوگئی، اورنج لائن ٹرین کو بھی بجلی بحال کر دی گئی۔لیسکو چیف چودھری امین کا کہنا ہے کہ تمام گرڈ سٹیشنز آپریشنل ہو گئے، مضافاتی علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے، چند علاقوں میں الیون کے وی فیڈرز سے بجلی بند ہے۔

بجلی کی مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع 

پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ پاکستان میں بجلی کی مرحلہ وار بحالی کا عمل شروع ہوگیا ہے، تربیلا پاور ہاؤس کے تین یونٹس، وارسک پاور ہاؤس کے یونٹس، این ٹی ڈی سی کے شاہی باغ گرڈ اور بحریہ ٹاون، سنگجانی اور مردان گرڈ میں بجلی بحال کردی گئی ہے، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کے زیرو پوائنٹ گرڈ کے 25 فیڈرز پر بجلی بحال کردی گئی، این ٹی ڈی سی کے روات گرڈ پر بجلی بحال کردی گئی, دیگر شہروں میں بھی بجلی کی بتدریج بحالی کے لیے این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔

بجلی بریک ڈاؤن کی تحقیقات کیلئے   کمیٹی تشکیل

دوسری جانب نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات کیلئے  اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔ایم ڈی این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن نے بجلی کے بریک ڈاؤن کی تحقیقات اور وجہ معلوم کرنے کیلئے ہائی لیول کمیٹی تشکیل دے دی ہے، کمیٹی کے کنوینر جنرل منیجر جی ایس او ملک جاوید جبکہ ممبرز میں جی ایم ٹیکنیکل عباس میمن، چیف انجینئر پروٹیکشن اینڈ کنٹرول عاطف مجیب عثمانی اور چیف انجینئر نیٹ ورک آپریشن سجاد احمد شامل ہیں۔

بجلی بریک ڈاؤن  کی وجہ

واضح رہے کہ گزشتہ رات 12 بجے کے قریب ملک بھر میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہو گیا تھا جس کے باعث  پورا ملک تاریکی میں ڈوب گیا تھا اور مختلف شہروں کی بجلی تاحال بحال نہیں ہو سکی ہے۔ترجمان توانائی ڈویژن نے بتایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رات گڈو میں 11 بج کر 41 منٹ پر فالٹ پیدا ہوا، فالٹ نے ملک کی ہائی ٹرانسمیشن میں ٹرپنگ کی اور جس کی وجہ سے ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں سسٹم کی فریکوینسی 50 سے صفر پر آگئی ، فریکوینسی ڈاؤن ہونے کی وجہ سے تمام پاور ہاؤس بند ہو گئے اور   صارفین بجلی سے محروم ہوگئے۔

Sughra Afzal

Content Writer