گلبرگ (زین مدنی ) پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار عدنان صدیقی کہتے ہیں کہ وہ اور ہمایوں سعید , ارطغرل غازی کے عبدالرحمن کے مداح ہیں جبکہ عبدالرحمن ان کا ایک اچھا دوست بھی ہے، ان کو ہماری مہمان نوازی پسند آئی۔
گزشتہ روز ارطغرل غازی کے عبدالرحمن سمیت اس سیریز کے دیگر ممبران نے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ کر وزیراعظم عمران خان، شبلی فراز، عدنان صدیقی، ہمایوں سعید اور عمران عباس سے ملاقات کی۔ ان کی ملاقات کی تصویریں جہاں سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں تو وہیں عدنان صدیقی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکانٹ پر ارطغرل غازی میں بہادر سپاہی عبدالرحمن کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار جلال کے ہمراہ اپنی کچھ تصویریں شیئر کی ہیں۔
عدنان صدیقی نے ان تصاویر کو ایک طویل کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ عبد الرحمن نے اپنے کردار اور حقیقی زندگی سے پاکستان میں بہت سے دل جیت لیے ہیں جو عمل اور افکار میں الگ الگ ہیں۔ اداکار نے کہا کہ جب ہم جلال سے ملے تو ایسا بالکل محسوس نہیں ہوا جیسے ہم پہلی بار اس سے مل رہے ہیں جبکہ انہیں پاکستان اور ہماری مہمان نوازی بھی بہت پسند آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اب عبدالرحمن کو اپنا دوست ضرور کہہ سکتا ہوں جبکہ میں اور ہمایوں سعید جلال کے مداح بھی ہیں۔ عدنان صدیقی نے مزید کہا کہ ہم ارطغرل غازی کی ٹیم کے ساتھ ملاقات کی اور نئے پراجیکٹس پر کام کرنے کے حوالے سے بات چیت بھی کی۔ واضح رہے کہ مقبول ترین ترک سیریز ارطغرل غازی میں عبدالرحمن غازی کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار جلال اپنی ٹیم کے ہمراہ گزشتہ روز ہی پاکستان پہنچے ہیں۔