(فہد علی) سگیاں پل کےقریب توڑی سےبھری ٹریکٹر ٹرالی خراب ہونے سےٹریفک کی روانی متاثرہوئی جبکہ مین روڈ پر بارش کا پانی جمع ہونے سے بھی مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق مسافروں کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کی وجہ سےپانی جمع ہوا ہے،سگیاں مین روڈ پرنکاسی آب کا نظام بہترنہ ہونے کی وجہ سے پانی جمع ہوجاتا ہےجس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے،اب ٹریکٹر ٹرالی خراب ہونے سے بھی ٹریفک سست روی کا شکار ہے، ٹریفک وارڈنز نےموقع پر پہنچ کرٹریکٹر ٹرالی کومین روڈ سے ہٹایا جس کے بعد ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔
ذرائع کا کہناتھا کہ سگیاں پل پر کئی گھنٹے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جس پر ٹریفک پولیس نے فوری طور پر سنگل لین میں ٹریفک منتقل کرکے ٹرالر کو ہٹایا،امامیہ کالونی سے لے کر راوی پل تک بھی ٹریفک شدید دباؤ کا شکار رہا ۔