رائیونڈ ٹی ایچ کیو ہسپتال ماضی کے ہسپتالوں جیسا نہیں: شہباز شریف

10 Jan, 2018 | 04:08 PM

(سٹی 42) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ٹی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا،  کہتے ہیں کہ آج میں اور عوام کا غریب بچہ ایک جیسی دوا کھا رہے ہیں، رائیونڈ ہسپتال لاہوریوں کیلئے مسیحا ثابت ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ٹی ایچ کیو ہسپتال رائیونڈ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کر دیا جس کے بعد ہسپتال میں بستروں کی تعداد 100ہوگئی ہے، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے   شہباز شریف نے کہا کہ رائیونڈ ہسپتال ماضی کے ہسپتالوں جیسا نہیں، 70 سال میں پہلی بار اچھی اور مفت ادویات مل رہی ہیں، آج میں اور عوام کا غریب بچہ ایک جیسی دوا کھا رہے ہیں، غیر ملکی کمپنیوں نے ادویات کو بہترین قرار دیا، پنجاب بھر میں سٹی سکین بالکل مفت ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہمیشہ جھوٹ بولتے ہیں اور عوام کو دھوکہ دیتے ہیں، میٹرو بس کو جنگلہ بس کہنے والے آج خود پشاور میں میٹرو بس بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مجھ پر اربوں روپے کی کرپشن ثابت کر دیں تو میں گھر چلا جائوں گا، اللہ تعالی ٰ جھوٹے لوگوں سے چھٹکار ہ عطا فرمائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اگر 2018 میں میری حکومت ہوئی تو  پشاور میں ایک سال میں میٹرو بس بنا دوں گا۔ کراچی  پشاور اور کوئٹہ کو لاہور جیسا نہ بنایا تو میرا نام بدل دینا۔

مزید جاننے کیلئے ویڈیو دیکھیں

مزیدخبریں